ٹوبہ :پروبیشنرز کو ٹریفک قوانین سے آگاہی دینے کیلئے سیشن
قوانین کی پابندی دوسروں اوراپنی کی جان و مال کیلئے ناگزیر :طاہرہ سندھو
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈسٹرکٹ پروبیشن آفس کے زیر اہتمام پروبیشنرز کی اصلاح، بحالی اور انہیں ذمہ دار شہری بنانے کے مقصد سے روڈ سیفٹی آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔سیشن ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر طاہرہ سندھو کی زیر نگرانی منعقد ہوا، جس میں نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کے ڈی ایس پی افتخار علی اور انسپکٹر عثمان شبیر نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔انہوں نے شرکاء کو ٹریفک قوانین، محفوظ ڈرائیونگ، ہیلمٹ اور سیٹ بیلٹ کے استعمال، رفتار کی پابندی اور دورانِ سفر احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہ کیا اور کہا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی اپنی اور دوسروں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے ۔ڈسٹرکٹ پروبیشن آفیسر طاہرہ سندھو نے کہا کہ محکمہ پروبیشن کا مقصد صرف نگرانی نہیں بلکہ پروبیشنرز کی کردار سازی، سماجی بحالی اور مثبت رویوں کو فروغ دینا بھی ہے ، جبکہ ایسے آگاہی پروگرام انہیں قانون کا احترام کرنے اور معاشرے میں مثبت کردار ادا کرنے کے قابل بناتے ہیں۔