جھنگ: رہائشی آبادیوں میں منی پٹرول پمپس اور ایجنسیاں
پمپس کے پیمانوں کی باقاعدہ جانچ بھی نہیں کی جاتی، لوگوں کا اظہار تشویش
جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع جھنگ کی چاروں تحصیلوں اور گردونواح کی رہائشی آبادیوں میں قائم غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے حوالے سے شہریوں نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں انسانی جانوں کے لیے خطرہ قرار دیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ رہائشی علاقوں میں جگہ جگہ منی پٹرول پمپ اور غیر قانونی ایجنسیاں قائم ہیں، جہاں مبینہ طور پر بغیر مؤثر نگرانی کے پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے ۔ ان کے مطابق ان پمپس کے پیمانوں کی باقاعدہ جانچ بھی نہیں کی جاتی، جس سے صارفین کو مقدار میں کمی کا سامنا ہو سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ بعض مقامات پر کم عمر بچوں کو بھی پٹرول فروخت کیا جاتا ہے ، جو حفاظتی اصولوں کے خلاف ہے اور کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتا ہے ۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی تنقید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ غیر قانونی منی پٹرول پمپس کے خلاف مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی، جس کے باعث ایسے مراکز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔اہلیانِ علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ رہائشی علاقوں میں قائم غیر قانونی منی پٹرول پمپس اور ایجنسیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ، پیمانوں اور حفاظتی انتظامات کی جانچ یقینی بنائی جائے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments