ویمن یونیورسٹی، مختار اے شیخ ہسپتال میں مفاہمتی یادداشت
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان اور مختار اے شیخ ہسپتال، ملتان کے درمیان طالبات، فیکلٹی اور ملازمین کو رعایتی طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیئے گئے۔
معاہدے کا مقصد یونیورسٹی کمیونٹی کو معیاری علاج، تحقیقی تعاون اور پیشہ ورانہ ترقی کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول اور مختار اے شیخ ہسپتال کے چیئرمین و فاطمہ گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں فیصل مختار نے دستخط کئے ۔معاہدے کے تحت یونیورسٹی کی طالبات، اساتذہ، ملازمین اور ان کے قریبی اہل خانہ کو مختار اے شیخ ہسپتال میں مختلف طبی خدمات پر خصوصی رعایت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ دونوں ادارے تحقیق، مشترکہ تعلیمی منصوبوں، انٹرن شپ پروگرامز، مطالعاتی دوروں، خصوصی تربیتی کورسز اور طالبات کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی باہمی تعاون کریں گے ۔تقریب کے دوران یونیورسٹی میں مستقبل میں میڈیکل ڈسپنسری کے قیام کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تاہم واضح کیا گیا کہ یہ منصوبہ موجودہ معاہدے کا حصہ نہیں بلکہ آئندہ الگ منصوبے کے طور پر شروع کیا جائے گا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ یہ معاہدہ یونیورسٹی میں صحت مند اور طالب علم دوست ماحول کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ، جبکہ اس سے طالبات، اساتذہ اور ملازمین کو معیاری طبی سہولتوں کے ساتھ عملی تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments