نصاب میں جدت اور تدریسی نظام کی بہتری اولین ترجیح ، ڈاکٹر طیبہ ظریف
یونیورسٹی کی ترقی کو وقتی اقدامات تک محدود نہیں بلکہ پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے گا
راولپنڈی(دنیا رپورٹ) راولپنڈی ویمن یونیورسٹی میں پروفیسر ڈاکٹر طیبہ ظریف بطور وائس چانسلر ذمہ داریاں سنبھالتے ہی بصیرت افروز، متحرک اور نتیجہ خیز قیادت کا عملی آغاز کر دیا ہے ۔ تقرری گورنر پنجاب بطور چانسلر نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی سرچ کمیٹی کی سفارش پر چار سالہ مدت کے لیے کی، ڈاکٹر طیبہ ظریف پاکستان کی ممتاز، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت تعلیمی رہنماؤں میں شمار کی جاتی ہیں، جنہیں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں 27 برس سے زائد کا وسیع اور متنوع تجربہ حاصل ہے ۔ڈاکٹر طیبہ تدریس، تحقیق، کوالٹی ایشورنس، نصاب سازی، فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور تعلیمی پالیسی سازی میں نمایاں خدمات سرانجام دے چکی ہیں۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی ادارہ جاتی ترقی، علمی معیار اور پائیدار اصلاحات کی ایک روشن مثال ہے۔
انہوں نے یونیورسٹی کے تمام تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کا ایک جامع اجلاس طلب کیا، جس میں ہر شعبے نے اپنی کارکردگی، تحقیقی سرگرمیوں، کامیابیوں ، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی پریزنٹیشنز پیش کیں۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت دی کہ وہ معیاری تحقیق، تحقیقی گرانٹس کے حصول، بین الاقوامی جرائد میں اشاعت اور علمی معیار کی بہتری پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے نصاب میں جدت، صنعت و جامعہ روابط کے فروغ اور تدریسی نظام کی بہتری کو اپنی ترجیحات کا حصہ قرار دیا تاکہ طالبات کو بدلتے ہوئے عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے ۔انہوں نے واضح کیا کہ یونیورسٹی کی ترقی کو وقتی اقدامات تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے پائیدار بنیادوں پر استوار کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments