پاکستان کے پہلے فوڈ اینڈ ایگریکلچر میوزیم کے قیام پر پیش رفت
عجائب گھر تحقیق، جدت اور عوامی شعور کے مراکز ہوتے ہیں:پروفیسر ڈاکٹر اقرار
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ تیز رفتار عالمی تبدیلیوں کے دور میں نوجوان نسل کو تاریخی ورثے اور جدید علوم سے جوڑ کر ہی عالمی سطح پر منفرد مقام حاصل کیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں پاکستان کے پہلے فوڈ اینڈ ایگریکلچر میوزیم کے قیام کے سلسلے میں منعقدہ تیسرے مشترکہ تکنیکی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے استقبالیہ خطاب کیا۔
ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ عجائب گھر صرف نوادرات محفوظ کرنے کی جگہ نہیں بلکہ تعلیم، تحقیق، جدت اور عوامی شعور کے مراکز ہوتے ہیں، جہاں سائنسی، ثقافتی اور سماجی ارتقا کی تاریخ محفوظ کی جاتی ہے ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ لائل پور (موجودہ فیصل آباد) میں قائم پنجاب ایگریکلچرل کالج اینڈ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ، جو آج زرعی یونیورسٹی فیصل آباد ہے ، برطانوی دور میں زراعت کی جدید بنیادیں استوار کرنے کے لیے قائم کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ میوزیم کی مختلف گیلریوں کے قیام کے لیے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مرحلہ وار 30 کروڑ روپے کی فنڈنگ متوقع ہے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ پاکستان کی نوعیت کا پہلا زرعی میوزیم ہوگا، جس کا اندرونی نمائشی رقبہ 55 ہزار مربع فٹ پر مشتمل ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments