جھنگ کے اہم چوکوں اور داخلی راستوں کی خوبصورتی کا منصوبہ

جھنگ کے اہم چوکوں اور داخلی راستوں کی خوبصورتی کا منصوبہ

بیوٹیفکیشن، مؤثر لائٹنگ، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش یقینی بنانے کی ہدایات

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ضلع بھر میں چوکوں، چوراہوں، بائی پاسز اور شہر کے اہم داخلی و خارجی راستوں کو خوبصورت، سرسبز اور دیدہ زیب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر بابر صاحب دین نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو شہر اور تحصیلوں کے اہم مقامات کی بیوٹیفکیشن، مؤثر لائٹنگ، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور شجرکاری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کے تمام اہم چوکوں، چوراہوں اور بائی پاسز کا تفصیلی سروے مکمل کرکے ہر مقام کے لیے جامع اور قابلِ عمل بیوٹیفکیشن پلان تیار کیا جائے اور اس پر فوری عملدرآمد شروع کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس میں خوبصورت اور ماحول دوست پودے لگانے کے ساتھ پہلے سے موجود سبزے اور پودوں کی مناسب دیکھ بھال بھی یقینی بنائی جائے ۔ اہم شاہراہوں اور چوکوں پر خوبصورت لائٹنگ کا انتظام کیا جائے تاکہ رات کے اوقات میں بھی شہری علاقوں کی خوبصورتی نمایاں ہو۔ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں میں صفائی ستھرائی، شجرکاری، لائٹنگ، گرین بیلٹس کی بحالی، پینٹنگ اور دیگر تزئین و آرائش کے کاموں کو شامل کیا جائے ۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں، مرکزی چوکوں اور اہم بائی پاسز کو خصوصی طور پر خوبصورت بنایا جائے تاکہ ضلع میں آنے والے شہریوں اور مسافروں کو خوشگوار اور بہتر شہری ماحول فراہم کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...