سڑکوں کے کنارے خطرناک، درخت حادثات کا شکار

سڑکوں کے کنارے خطرناک، درخت حادثات کا شکار

بعض درختوں کی شاخیں بھی بے ہنگم انداز میں پھیلی ہوئی ہیں ، گاڑیوں، موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو مشکلات ،محکمہ جنگلات کی مبینہ عدم توجہی پر تشویش

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )سڑکوں کے کنارے موجود متعدد خستہ حال، ٹیڑھے اور خطرناک درخت شہریوں اور مسافروں کے لیے سنگین خطرہ بن گئے ، تیز ہوا اور بارش کے دوران درخت یا ان کی بڑی شاخیں سڑک پر گرنے سے کسی بھی وقت بڑا حادثہ پیش آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ شہریوں نے محکمہ جنگلات کی مبینہ عدم توجہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے ۔شہر کی مختلف اہم شاہراہوں اور سڑکوں کے اطراف متعدد درخت ایسے ہیں جو ایک جانب انتہائی جھک چکے ہیں جبکہ بعض درختوں کی شاخیں بھی بے ہنگم انداز میں پھیلی ہوئی ہیں۔ خطرناک حالت میں موجود ان درختوں کے باعث گاڑیوں، موٹرسائیکل سواروں اور پیدل چلنے والوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ حکام کے علم میں ہونے کے باوجود ایسے درختوں کی بروقت شاخ تراشی، منتقلی یا محفوظ طریقے سے کٹائی کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے جارہے ۔شہریوں کے مطابق درختوں کی حفاظت اور ماحولیاتی توازن اپنی جگہ انتہائی اہم ہے ، تاہم جو درخت انسانی جانوں اور ٹریفک کیلئے براہ راست خطرہ بن چکے ہیں، ان کی بروقت کانٹ چھانٹ اور مناسب دیکھ بھال بھی محکمہ جنگلات کی ذمہ داری ہے ۔

بارش اور تیز ہواؤں کے دوران خطرناک درختوں کے گرنے کا خدشہ مزید بڑھ جاتا ہے جبکہ ماضی میں بھی درخت اور بڑی شاخیں سڑکوں پر گرنے سے حادثات پیش آچکے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی بڑے حادثے یا قیمتی انسانی جان کے ضیاع کے بعد کارروائی کرنے کے بجائے محکمہ جنگلات کو پیشگی اقدامات کرتے ہوئے شہر بھر میں خطرناک درختوں کی نشاندہی کرنی چاہیے اور انہیں محفوظ طریقے سے ہٹانے ، منتقل کرنے یا ضروری شاخ تراشی کا انتظام کرنا چاہیے ۔انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ جب کوئی درخت گر جاتا ہے تو بعض اوقات مبینہ طور پر ٹمبر مافیا اسے اٹھا کر لے جاتا ہے ، جس سے سرکاری خزانے کو بھی نقصان پہنچتا ہے ۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر کی اہم شاہراہوں اور سڑکوں کا فوری سروے کروا کر خطرناک درختوں کی فہرست مرتب کی جائے اور انسانی جانوں کو لاحق ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے بلا تاخیر عملی اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...