سوساں روڈ کی تعمیر و بحالی مقررہ مدت سے قبل مکمل
کمشنر ڈاکٹر عمران کا د ورہ ،شاہراہوں کی تعمیر کے لیے ڈیڈ لائن مقرر
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سے سوساں روڈ کی تعمیر، مرمت اور بحالی کا کام مقررہ ڈیڈ لائن سے قبل مکمل کرلیا گیا ہے ، جس سے یونیورسٹی کی طالبات، فیکلٹی ممبران اور عام شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سفری سہولیات میسر آ رہی ہیں۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سوساں روڈ کا دورہ کیا اور کارپٹ تعمیر کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو روڈ پر لین مارکنگ مکمل کرنے اور سائیڈز پر پڑا ملبہ فوری اٹھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سڑک کا لیول برقرار رکھنے کے لیے مین ہولز کے ڈھکن درست کیے جائیں اور انہیں سڑک کی سطح سے بلند نہ ہونے دیا جائے ۔کمشنر نے ریکارڈ مدت میں سڑک کی مرمت و بحالی مکمل کرنے پر میونسپل کارپوریشن کے میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر محمد زبیر کو شاباش دی۔ اس موقع پر موجود طالبات اور فیکلٹی ممبران نے سڑک کی تعمیر و بحالی پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جڑانوالہ روڈ پر میٹرو بس پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کے باعث یہ متبادل روٹ ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھا، جسے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے ۔دریں اثناء کمشنر فیصل آباد نے کوہ نور چوک جڑانوالہ روڈ سے جی سی ویمن یونیورسٹی تک جاری سڑک کی تعمیر و بحالی کے کام کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہائی ویز کے افسران کو اہم شاہراہ کی تعمیر و مرمت اور بحالی کا کام 22 اکتوبر 2026ء تک مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ مقررہ ٹائم لائن کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments