حکومت عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کررہی : طلال
صحافت معاشرے کا اہم ستون ،نئے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائیگا
بچیانہ(نمائندہ دنیا)وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال بدر چودھری نے کہا ہے کہ صحافت معاشرے کا اہم ستون ہے اور علاقائی مسائل کی نشاندہی میں بچیانہ پریس کلب کا کردار قابل تحسین ہے ۔ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز قصر نور بینکوئٹ ہال میں اپنے بھائی ایم این اے میاں بلال بدر چودھری کے ہمراہ بچیانہ پریس کلب رجسٹرڈ کے وفد، الحاج میاں محمد رفیق طاہر، عابد حسین ملک، سید مقدس حسین زیدی اور دیگر اہم علاقائی شخصیات سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں علاقے کی سیاسی و سماجی صورتحال اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ایم این اے میاں بلال بدر چودھری نے کہا کہ علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوام کو درپیش مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے ۔ بچیانہ اور گردونواح میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments