سموگ کے اسباب، صحت پر اثرات اور احتیاطی تدابیر پر آگہی سیمینار
ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے میں تعلیمی اداروں کا کردار اہم ہے : ڈاکٹر رؤف اعظم
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے گرین یوتھ موومنٹ کلب اور شعبہ ماحولیاتی سائنسز کے زیر اہتمام ‘‘سموگ کے اسباب، انسانی صحت پر اثرات اور احتیاطی تدابیر’’ کے موضوع پر آگہی سیمینار منعقد ہوا۔ ماہرین نے اسموگ کے اسباب، ماحولیاتی آلودگی، انسانی صحت پر اس کے اثرات اور تدارک کے عملی اقدامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رؤف اعظم نے کہا کہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ نوجوان نسل کو ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے آگاہ اور عملی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔گرین یوتھ موومنٹ کلب کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر صابر حسین نے شرکا کا خیرمقدم کیا،
جبکہ چیئرپرسن شعبہ ماحولیاتی سائنسز پروفیسر ڈاکٹر طاہر یاسمین نے اسموگ بننے کی وجوہات اور ماحولیاتی عوامل پر روشنی ڈالی۔ ڈائریکٹر طلبہ امور پروفیسر ڈاکٹر ندیم سہیل نے اسموگ کے حوالے سے معاشرتی رویوں اور اجتماعی ذمہ داری پر گفتگو کی،تکنیکی نشست میں ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیاتی تحفظ ایجنسی ڈاکٹر طاہر عباس نے لیکچر دیا ۔ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شعیب احمد نے انسانی صحت، خصوصاً نظام تنفس پر اس کے اثرات اور احتیاطی تدابیر بیان کیں۔سیمینار کے اختتام پر آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کی جانب سے لائی گئی سموگ گن کے ذریعے اسموگ کے تدارک اور کنٹرول کا عملی مظاہرہ بھی کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments