ٹریفک پولیس کی توجہ صرف چالان ہدف پر مرکوز، شہریوں سے مبینہ بدسلوکی کی شکایات میں اضافہ
ضروری کوائف مکمل ہونے کے باوجود بعض اوقات بھاری جرمانے کئے جاتے ،بلاجواز چالانوں کا سلسلہ روکا جائے اور ٹریفک اہلکاروں کے مبینہ ناروا رویے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں:شہری
فیصل آباد (عبدالباسط سے ) شہر کی مین شاہراہوں، ہائی ویز، چوک چوراہوں اور دیگر اہم مقامات پر ٹریفک نظام کو منظم اور محفوظ بنانے کے بجائے ٹریفک پولیس اہلکاروں اور افسروں کی جانب سے مبینہ طور پر چالان ہدف پورا کرنے پر توجہ مرکوز کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ شہریوں کے بلاجواز چالانوں کے باعث ٹریفک پولیس اہلکاروں اور شہریوں کے درمیان بحث و تکرار، لڑائی جھگڑے اور مبینہ تشدد کے واقعات میں بھی اضافہ ہونے لگا ہے ۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد سٹی ٹریفک پولیس کے سینئر افسروں کی جانب سے فیلڈ میں تعینات اہلکاروں کو یومیہ چالان ہدف مکمل کرنے کے لیے مبینہ طور پر سخت احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ہدف مکمل نہ کرنے پر اہلکاروں کو محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل پلی چوک، ناولٹی پل، ڈی ٹائپ پل، کوریاں پل، نڑوالا چوک، کشمیر پل، پائپوں والا پل، جھمرہ روڈ، کینال روڈ اور جڑانوالہ روڈ اور دیگر اہم مقامات پر ناکہ بندی کرکے شہریوں کے چالان کیے جانے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ اور دیگر ضروری کوائف مکمل ہونے کے باوجود بعض اوقات بھاری جرمانے عائد کر دیے جاتے ہیں۔ چالان پر اعتراض کرنے والے بعض افراد سے مبینہ بدسلوکی اور تشدد کیا جاتا ہے ، جبکہ بعض واقعات میں متاثرہ شہریوں کے خلاف ہی کارسرکار میں مزاحمت کے مقدمات درج کرانے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بلاجواز چالانوں کا سلسلہ روکا جائے اور ٹریفک اہلکاروں کے مبینہ ناروا رویے اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments