پاکستان اور آئی ایل او کا باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
وفاقی وزیر چودھری سالک سے آئی ایل او کے ڈی جی کی ملاقات ،مزدوروں میں چیک تقسیم
اسلام آباد(دنیا رپورٹ ) وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چودھری سالک حسین سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آئی ایل او کی گورننگ باڈی میں ڈپٹی ممبر کی حیثیت سے دوبارہ فعال کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے ۔ ملاقات کے دوران پاکستانی افرادی قوت کو عالمی معیار کے مطابق ہنرمند بنانے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تربیت فراہم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے کہا کہ آئی ایل او پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایل او میں ہمیشہ مؤثر اور فعال کردار ادا کیا ہے اور آئی ایل او کے پلیٹ فارم سے کامیاب سفارت کاری اور تعاون کو فروغ دیا ہے ۔گلبرٹ ایف ہونگبو نے پاکستانی ورکرز کے لیے عالمی روزگار کی منڈی میں مواقع بہتر بنانے ، مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر اور آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل نے مزدور نمائندگان میں مختلف گرانٹس کے چیکس تقسیم کیے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments