وفاقی دارالحکومت میں 350 ایکڑ پر محیط سفاری پارک قائم کرنے کا اعلان
پارک مالپور فاریسٹری پارک کے علاقے میں قائم کیا جائے گا،مقصدسبز علاقوں، جنگلی حیات کے تحفظ،تفریحی سہولیات کو وسعت دینا ہے ایف نائن کی طرز کا پارک بھی بنائینگے ، دارالحکومت کو پلاسٹک فری،کیش لیس بنانے اور لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرینگے ،وزیر داخلہ
اسلام آباد (ماہتاب بشیر ) وفاقی دارالحکومت میں شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک وسیع 350 ایکڑ پر محیط سفاری پارک قائم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ، جس کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں سبز علاقوں، جنگلی حیات کے تحفظ اور تفریحی سہولیات کو وسعت دینا ہے ۔مجوزہ 350 ایکڑ پر محیط اسلام آباد سفاری پارک مالپور فاریسٹری پارک کے علاقے میں، بھارہ کہو اور مری روڈ کے قریب قائم کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد جنگلی حیات کے تحفظ، ماحول دوست سیاحت اور تفریحی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ وفاقی دارالحکومت میں سبز مقامات کو وسیع بنانا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کشمیر چوک انڈر پاس کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اسلام آباد کو مزید سرسبز اور شہریوں و ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے زیادہ پرکشش بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سفاری پارک کے علاوہ اسلام آباد میں ایف-9 پارک کے حجم کا ایک اور بڑا پارک بھی تیار کیا جا رہا ہے ۔ منصوبے سے جنگلی حیات کے تحفظ، ماحول دوست سیاحت اور شہریوں کے لیے تفریحی مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دارالحکومت کو پلاسٹک فری اور کیش لیس بنانے اور لینڈ ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد ملکی و غیر ملکی مہمانوں کی میزبانی کرتا ہے ، اس لیے شہر کی خوبصورتی، ماحول کے تحفظ اور شہری سہولیات میں بہتری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments