ڈی سی کا گوجرہ کا دورہ، ہسپتال، صفائی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

ڈی سی کا گوجرہ کا دورہ، ہسپتال، صفائی اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

شہریوں کو معیاری سروسز فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح : ماہم آصف ملک

گوجرہ (نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے گوجرہ کے مختلف عوامی مقامات اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور طبی سہولیات، صفائی ستھرائی، خوب صورتی کے اقدامات اور میونسپل سروسز کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال گوجرہ کے مختلف وارڈز، فارمیسی اور ایمرجنسی کا معائنہ کیا۔ اس دوران ادویات کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ایمرجنسی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی اور علاج معالجے سمیت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے ان کی رائے بھی معلوم کی۔ اس موقع پر ایمرجنسی آلات، فائر ہائیڈرنٹس اور دیگر حفاظتی انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گوجرہ موٹروے انٹرچینج کا دورہ کیا، جہاں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی اور خوب صورتی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ شجرکاری کا معائنہ بھی کیا۔ انہوں نے گوجرہ ہاکی سٹیڈیم کا دورہ کرکے وہاں صفائی ستھرائی اور کھیلوں کی دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران میونسپل کمیٹی گوجرہ میں اجلاس بھی منعقد ہوا، ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات، صاف ستھرا ماحول اور معیاری میونسپل سروسز فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...