زرعی یونیورسٹی اور جنگلاتی تحقیقاتی ادارے میں معاہدہ، درختوں میں جینیاتی تنوع کا تجزیہ بھی کیا جائیگا

زرعی یونیورسٹی اور جنگلاتی تحقیقاتی ادارے میں معاہدہ، درختوں میں جینیاتی تنوع کا تجزیہ بھی کیا جائیگا

وی سی اور چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، سینٹرل زون لاہور کے معاہدے پر دستخط ،ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے ، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کے لیے جنگلاتی تحقیق کو مضبوط بنانا ناگزیر :پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پنجاب جنگلاتی تحقیقاتی ادارے گٹ والا کے درمیان جنگلات کے پائیدار انتظام، سائنسی تحقیق اور صوبے میں حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے اشتراکِ کار کا معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کا مقصد درختوں کی مختلف اقسام پر تحقیق، جینیاتی وسائل کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کیلئے مشترکہ کوششوں کو فروغ دینا ہے ۔معاہدے پر زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ، سینٹرل زون لاہور ثاقب محمود نے دستخط کیے ۔ اس موقع پر پنجاب جنگلاتی تحقیقاتی ادارے کی ڈائریکٹر ڈاکٹر عقیلہ مبین اختر، زرعی یونیورسٹی کے ڈائریکٹر بیرونی روابط ڈاکٹر اقرار احمد رانا، ڈائریکٹر نیشنل سیڈ سینٹر ڈاکٹر محمد تحسین اظہر، چیئرمین شعبہ جنگلات ڈاکٹر فہد رشید، ڈاکٹر شاہد خالد، چیئرمین شعبہ حشرات ڈاکٹر وسیم اکرم، ڈاکٹر محمد طیب اور دیگر موجود تھے ۔

پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے ، حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار انتظام کیلئے جنگلاتی تحقیق کو مضبوط بنانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے جنگلات کے تحفظ، درختوں کے جینیاتی وسائل میں بہتری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے موزوں حکمت عملی وضع کرنے کی غرض سے تحقیقی اداروں کے درمیان تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔معاہدے کے تحت درختوں میں جینیاتی تنوع کا تجزیہ بھی کیا جائیگا، جس سے اہم اور مفید اقسام کی شناخت اور ان کے تحفظ و مؤثر استعمال کیلئے سائنسی بنیادیں مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...