جی سی یونیورسٹی کے سکیورٹی اہلکاروں کیلئے تربیتی مشق کا انعقاد
اہلکاروں کو آگ بجھانے کے محفوظ طریقوں کی عملی تربیت فراہم کی گئی
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے سکیورٹی آفس کے زیرِ اہتمام سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے تعاون سے سکیورٹی اہلکاروں کے لیے فائر سیفٹی، آگ پر قابو پانے اور آگ بجھانے کی عملی تربیت کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی سیشن کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کو فائر ایکسٹنگوشر کے درست استعمال، آگ بجھانے کے محفوظ طریقوں اور آتشزدگی کی صورت میں بروقت اور مؤثر ردِعمل کے حوالے سے عملی تربیت فراہم کی گئی۔ اس تربیت کا مقصد ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانا، اہلکاروں کے اعتماد میں اضافہ کرنا اور طلبہ، اساتذہ، ملازمین اور جامعہ کی املاک کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کو فروغ دینا تھا۔
چیف سکیورٹی آفیسر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر کاشف ارشاد کے عزم کے مطابق اس تربیتی سرگرمی کا انعقاد جامعہ میں محفوظ ماحول کے قیام، ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تیاری اور سیکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔ اس موقع پر سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے تعاون اور پیشہ ورانہ رہنمائی کو سراہا گیا۔ اس طرح کی تربیتی سرگرمیاں آتشزدگی جیسے ہنگامی واقعات میں بروقت کارروائی، قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ اور ادارہ جاتی سلامتی کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments