چنیوٹ:ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

 چنیوٹ:ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی زیرِ صدارت اہم اجلاس

گندم کی سمگلنگ روکنے اور آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہدایات جاری

چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر نوید عاطف کی زیرِ صدارت گندم کی سمگلنگ کی روک تھام، آٹے کی دستیابی اور مؤثر نگرانی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈ کوارٹر غزالہ یاسین، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر، ڈی او انڈسٹریز، محکمہ پولیس، ریونیو افسران، انچارج پیرا فورس سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے ضلع بھر میں فلور ملز کی جانب سے فراہم کیے جانے والے آٹے کی دستیابی، گندم کی غیر قانونی نقل و حمل اور سمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے جانے والے اقدامات، نگرانی کے نظام اور دیگر متعلقہ امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ہدایت کی کہ گندم کی سمگلنگ کی روک تھام اور آٹے کی بلاتعطل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ محکمے مؤثر اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لیے بین الاضلاعی راستوں اور اہم مقامات پر کڑی نگرانی کی جائے اور متعلقہ افسران باہمی رابطے اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے گندم کی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے تعاون اور قانون کے مطابق ضروری کارروائیوں کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ گندم کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...