تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی خوشحالی کی ضمانت : قیصر احمد شیخ
پاکستان میں مواقع موجود ،نوجوان ملک میں رہ کر بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )وفاقی وزیر میاں قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تعلیم اور انسانی وسائل کی ترقی ہی قوموں کی خوشحالی اور ترقی کی ضمانت ہے ۔ پاکستان میں بے پناہ صلاحیتیں اور مواقع موجود ہیں اور نوجوان ملک میں رہ کر بھی کامیابی کی نئی منزلیں حاصل کر سکتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاسٹ نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز کے فیصل آباد کیمپس چنیوٹ میں 89ویں سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے تعلیم اور انسانی ترقی کو ترجیح دے کر دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا۔ پاکستان کے نوجوان جدید تعلیم اور مہارتوں سے آراستہ ہو کر ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
قیصر احمد شیخ نے فاسٹ یونیورسٹی میں میرٹ کی بنیاد پر تعلیم اور مستحق طلباء کو مالی معاونت کی فراہمی کو سراہتے ہوئے بتایا کہ کیمپس کے تقریباً تین ہزار طلباء میں سے نو سو مالی معاونت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ہر طالب علم کے لیے ایک لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔تقریب کی میزبانی ڈائریکٹر کیمپس پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرفراز نے کی جبکہ صدارت یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر آفتاب احمد معروف نے کی۔ چیئرمین اقبال رائس ملز چوہدری مسعود اقبال نے مہمان خصوصی جبکہ وفاقی وزیر میاں قیصر احمد شیخ نے مہمان اعزاز کی حیثیت سے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments