ملت روڈ پر سہولت آن دی گو بازار کے قیام کا فیصلہ، جنوری 2027 میں مکمل ہوگا
صارفین کو پھل، سبزیاں، چکن اور کریانہ کی اشیاء کم قیمتوں پر ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی،کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کا سہولت بازار اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ مجوزہ بازار کی سائٹ کا دورہ
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے زیراہتمام ملت روڈ پر ‘‘سہولت آن دی گو بازار’’ قائم کیا جا رہا ہے ، جسے جنوری 2027ء میں مکمل کر لیا جائے گا۔ بازار میں صارفین کو پھل، سبزیاں، چکن اور کریانہ کی اشیاء کم قیمتوں پر ایک ہی جگہ دستیاب ہوں گی۔کمشنر فیصل آباد ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے سہولت بازار اتھارٹی کے افسران کے ہمراہ مجوزہ بازار کی سائٹ کا دورہ کیا اور شیڈز کی تیاری سمیت دیگر تعمیراتی کام فوری شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اس موقع پر کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ سہولت آن دی گو بازار وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ایک انقلابی منصوبہ ہے ، جس کا مقصد صارفین کو ڈی سی ریٹ کے مطابق اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ملت روڈ پر واقع یہ سائٹ استعمال نہ ہونے کے باعث گندگی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیروں کی آماجگاہ بنی ہوئی تھی، جس سے علاقے میں تعفن پھیل رہا تھا اور شہری ابتر ماحول سے پریشان تھے ۔ اب اس جگہ کو سہولت آن دی گو بازار کے لیے بروئے کار لایا جا رہا ہے ، جس سے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ اہل علاقہ کو بھی سہولت میسر آئے گی۔کمشنر نے زور دیا کہ بازار کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments