پاور لوم انڈسٹری بند، ہزاروں مزدور فاقوں پر مجبور ہو گئے
منشی، مستری اور دیگر عملے سمیت5ہزار افراد کا روزگار چھن گیا، گھروں میں فاقے
پینسرہ (نمائندہ دنیا)ٹیکسٹائل انڈسٹری کے مرکز فیصل آباد میں پاور لوم سیکٹر کا بحران سنگین ہو گیا۔ سدھار میں گزشتہ ساڑھے تین ماہ سے تقریباً 70 فیصد پاور لومز بند پڑی ہیں، جس کے باعث 2800 سے زائد ورکرز جبکہ منشی، آئل مین، وینڈر مین اور مستریوں سمیت تقریباً پانچ ہزار افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔ روزگار چھننے سے ہزاروں مزدور خاندان معاشی بدحالی کا شکار اور فاقوں پر مجبور ہیں۔ کئی ماہ سے گھروں میں چولہے جلانا مشکل ہو گیا ہے ۔ کسی کے بچوں کی سکول فیسیں بقایا ہیں تو کوئی مکان کا کرایہ ادا نہ کرنے کے باعث پریشان ہے ۔ بجلی کے بل جمع نہ ہونے پر میٹر منقطع ہو رہے ہیں، ادھار لے کر گھر چلانے والے مزدور اب قرض دینے والوں کو جواب دینے سے بھی قاصر ہیں۔ بچوں کی ضروریات، علاج اور روزمرہ اخراجات پورے کرنا خواب بن گیا ہے۔
مزدوروں کا کہنا ہے کہ کام نہ ملا تو گھروں میں بھوک کے سوا کچھ نہیں بچے گا۔ پاور لومز کی بندش نے صرف مزدوروں ہی نہیں بلکہ مقامی مارکیٹوں کو بھی ویران کر دیا ہے ۔ مزدوروں کی قوت خرید ختم ہونے سے بازاروں میں خریداری اور کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ دوسری جانب مالکان کا مؤقف ہے کہ بجلی اور گیس کی بڑھتی قیمتوں، بھاری ٹیکسوں، سرکاری اداروں کے نوٹسز، سوت کی مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے باعث صنعت چلانا ممکن نہیں رہا۔صنعتی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے فوری ریلیف فراہم نہ کیا تو بے روزگاری، غربت اور معاشی بدحالی مزید بڑھے گی، جس سے فیصل آباد کا صنعتی امن بھی متاثر ہو سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments