ایل پی جی سرکاری نرخ سے دوگنی قیمت پر فروخت، گھریلو سلنڈر 6600 روپے تک پہنچ گیا

ایل پی جی سرکاری نرخ سے دوگنی قیمت پر فروخت، گھریلو سلنڈر 6600 روپے تک پہنچ گیا

گھریلوبجٹ متاثر،پلانٹس سے ہی ایل پی جی مہنگے داموں مل رہی ، اسی لئے زیادہ قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں:دکاندار ، مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے :شہری

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور بندش کے بعد ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانے اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ اوگرا کی جانب سے نومبر 2026ء کیلئے ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے 8 پیسے فی کلو مقرر کیے جانے کے باوجود فیصل آباد کی مارکیٹ میں یہ 550 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے ۔ اس طرح 12 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر پر صارفین سے سرکاری نرخ کے مقابلے میں تقریباً 3 ہزار 71 روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سوئی گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہری متبادل ایندھن کے طور پر ایل پی جی استعمال کرنے پر مجبور ہیں، تاہم اس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے نے گھریلو صارفین کا بجٹ متاثر کر دیا ہے ۔ ایل پی جی استعمال کرنے والے شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے باعث پہلے ہی گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہے ، ایسے میں گیس کی قیمتوں میں اس قدر بڑے فرق نے ان کے بجٹ کو مزید متاثر کر دیا ہے۔

دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ پلانٹس سے ہی ایل پی جی مہنگے داموں مل رہی ہے ، جس کے باعث وہ بھی زیادہ قیمت پر فروخت کرنے پر مجبور ہیں۔ تاہم پلانٹس کی سطح پر قیمتوں اور خریداری کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال ضروری ہے تاکہ اصل صورت حال سامنے آ سکے ۔ متعلقہ حکام سرکاری نرخ اور مارکیٹ قیمت میں بڑے فرق کا نوٹس لیتے ہوئے پلانٹس سے دکانوں تک قیمتوں کی نگرانی کریں اور مقررہ نرخ سے زائد قیمت وصول کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...