سمبڑیال:طالبات گندے پانی سے گزر کر سکول جانے پر مجبور

سمبڑیال:طالبات گندے پانی سے گزر کر سکول جانے پر مجبور

موضع ڈھلم بلگن میں نکاسی آب کا نظام نہ ہو نے سے نالیوں کا پانی سڑک پر جمع،شہریوں کا احتجاج ، پرنسپل نے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کو درخواست دے دی

سمبڑیال ،سیالکوٹ(سٹی رپورٹر،نمائندہ دنیا )مستقبل کی معمار گندے اور تعفن زدہ پانی سے گزر کر سکول جانے پر مجبور ہوگئیں ،پرنسپل کیجانب سے اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال کو مسئلہ کے حل کیلئے درخواست دے دی گئی۔ سمبڑیال کا موضع ڈھلم بلگن بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، گاؤں کی ایک سائیڈ میں گزشتہ 30 سال سے نکاسی آب نہ ہونے کیوجہ سے نجی کمپنی کا گندا پانی نالیوں سے نکل کر روڈ پر جمع ہو جاتا ہے جس سے پاس ہی موجود سرکاری سکول میں تعلیم حاصل کرنے والی بچیاں اور اساتذہ گندے پانی سے گزر کر سکول جانے پر مجبور ہیں ۔آئے روز کوئی نہ کوئی بچی کیچڑ میں گر کر زخمی ہو جاتی ہے جس کیوجہ سے کئی والدین نے بچیوں کو سکول ہی چھڑوا دیا ہے ،سکول کی جانب جانے والے دشوار گزار راستے کیوجہ سے گاؤں کی کئی بچیاں بنیادی تعلیم سے محروم ہیں۔ اہل محلہ نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ادوار میں بھی ہماری کہیں شنوائی نہیں ہوئی اب موجودہ حکومتی نمائندوں سے مطالبہ ہے کہ دیرینہ مسئلے کا فوری حل نکالیں تاکہ اہل محلہ، سکول عملہ اور طالبات کو اس پریشانی سے ہمیشہ کیلئے چھٹکارا مل سکے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں