ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ ، قیدیوں کو طبی سہولیات کیلئے اقدامات

ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ ، قیدیوں کو طبی سہولیات کیلئے اقدامات

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل سیالکوٹ نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کے قیدیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کام کا آغاز کردیا۔

جس کے تحت جیل کے قیدیوں کو بلا تعطل 24 گھنٹے طبی سہولیات کیلئے میڈیکل/ پیرا میڈیکل سٹاف اور ایس او پیز کے مطابق تمام ضروری ادویات کی دستیابی کے علاو ہ جیل میں قائم لیبارٹری سمیت ایکسرے اور دیگر تشخیصی آلات کو فعال بنایا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے کانفرنس روم میں ڈسٹرکٹ پریزن ہیلتھ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈسٹرکٹ سپر نٹنڈنٹ جیل بابر علی، ڈی سی او ڈاکٹر وسیم مرزا ، ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر شکیل احمد اور جیل میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عدیل محمود بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نئے قیدیوں کو جیل میں داخل ہونے کے فوراً بعد ان کی ہیلتھ سکریننگ اور ڈرگ ٹیسٹ بھی کرایا جائے ۔ انہوں نے گورنمنٹ علامہ میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ وہ آنکھوں، گائنا کالوجسٹ، کارڈیالوجسٹ، سرجن اور ماہر نفسیات کو ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کریں جیل کی ڈیمانڈ کے مطابق متعلقہ معالجین کے وزٹ کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا ہیلتھ ایمرجنسی کے صورت میں ریسکیو1122 کی جانب سے ایمبولینس سروس فراہم کی جائے گی اور اس ضمن میں جیل اور ریسکیو ڈیپارٹمنٹ کے مابین معاہدہ بھی کیا جائے گا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں