شارع فیصل : خوفناک آتشزدگی ، ریسکیو ،اہلکاروں سمیت 9 زخمی

شارع فیصل  :  خوفناک  آتشزدگی  ،  ریسکیو  ،اہلکاروں  سمیت  9  زخمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)شارع فیصل کاشف سینٹر آگ لگ گئی 150 سے زائد افراد عمارت میں گھنٹوں پھنسے رہے ، پانچ گھنٹوں بعد آگ پر قابو پایا گیا دو ریسکیو اہلکاروں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ، عمارت میں پھنسے ڈیڑھ سو سے زائد افراد کو تین اسنارکلز کی مدد سے بحفاظت نیچے اتارا گیا۔۔

 آتشزدگی کے دوران واٹر ہائیڈرنٹس پر ایمر جنسی نافذ رہی ۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ایف ٹی سی پل سے میٹروپول تک مرکزی سڑک عام ٹریفک کے لئے مکمل بند رہی ۔ تفصیلات کے مطابق صدر تھانے کی حدود شارع فیصل پر واقع کاشف سینٹر کے ڈک ایریا میں اچانک آگ بھڑک اٹھی ڈک ایریا سے دھواں اٹھتا دیکھ کر انتظامیہ نے پولیس اور فائر بریگیڈ کو آگ کی اطلاع دی ، فائر بریگیڈ حکام کے مطابق صبح کے اوقات میں عمارت کی ساتویں اور آٹھویں منزل پر لگنے والی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے عمارت کے مزید 6 فلورز کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا اطلاع ملتے ہی ابتداء میں ایک اسنارکل اور دو فائر بریگیڈ کی گاڑیاں عمارت میں آگ بجھانے پہنچیں ۔ البتہ آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے مزید آٹھ فائر بریگیڈ کی گاڑیوں سمیت مزید دو اسنارکل کو طلب کیا گیا ۔جبکہ کے ایم سی اور ڈبل ون ڈبل ٹو کے فائٹرز اور ریسکیو عملے نے پانچ گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا ۔ ڈی جی سندھ 1122 عابد شیخ مطابق سولہ منزلہ عمارت میں ہنگامی اخراج کا راستہ موجود نہیں تھا ابتدائی طور پر بلڈنگ میں پھنسے افراد کو ریسکیو کیا گیا جبکہ دھواں زیادہ بھرجانے کی وجہ سے اسنارکلز کی مدد سے 50 سے زیادہ افراد کو بلڈنگ کی چھت پر منتقل کر دیا گیا تھا جن میں خواتین بھی شامل تھیں جنہیں بعد ازاں اسنارکلز کی مدد سے اتارا گیا بلڈنگ کے آٹھ فلورز پر دھواں بھر جانے کی وجہ سے آگ بجھانے اور ریسکیو آپریشن کے دوران مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، پاک بحریہ کے لیفٹننٹ وقاص کے مطابق بحریہ کے دستے بھی آپریشن میں شانہ بشانہ رہے ۔ اسنارکل کا متبادل ہمارا ہیلی کاپٹر اسٹینڈ بائے رکھا گیا تھا۔ فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا علم ہوسکا لیکن آتش زدگی کے نتیجے میں سیکڑوں دفاتر کو نقصان پہنچا ہے اور ان دفاتر میں موجود کروڑوں روپے مالیت کا فرنیچر ، و دیگر سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے جبکہ بلڈنگ کے آٹھ سے نو فلور مکمل طور پر آگ لگنے اور دھواں بھر جانے اور وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں