اربن ٹرانسپورٹ کے من مانے کرائے:12سال سے سرکاری لسٹ جاری نہ ہو سکی

اربن ٹرانسپورٹ کے من مانے کرائے:12سال سے سرکاری لسٹ جاری نہ ہو سکی

لاہور (شیخ زین العابدین) لاہور میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کا گزشتہ12برس سے کرایہ نامہ ہی جاری نہیں کیا گیا، مسافروں کو کرایہ کے نام پر لوٹا جارہا،مختلف علاقوں میں چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں مرضی کا کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔

 ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے انسپکٹرز صرف آمدن میں اضافے کے لئے پبلک ٹرانسپورٹ کا چالان کر رہے ۔تفصیل کے مطابق شہر میں بیشتر ٹرانسپورٹ کے روٹس تو سرکاری طور پر معطل کر دئیے گئے لیکن اکا دکا جن روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ چل رہی ہے وہاں بھی مسافروں کو جدید سفری سہولیات میسر نہیں ہیں ،ان روٹس پر مبینہ طور پر مسافروں کو لوٹا جارہا ہے کیونکہ محکمہ ٹرانسپورٹ ، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی طرف سے ان روٹس کو ریگولیٹ ہی نہیں کیا جارہا ۔شہر کے اندر چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں کتنا کرایہ وصول کیا جاناہے ، گزشتہ بارہ برس سے وضع نہیں ہوسکا کیونکہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے اس دوران کرایہ نامہ ہی جاری نہیں کیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی یا اضافے کے بعد کبھی باضابطہ کرایہ نامہ جاری نہیں ہوا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ نے سٹیج وائز کرایہ وضع نہیں کیا۔ٹھوکر سے دیگر مقامات اورگرین ٹاؤن ،باگڑیاں ، ٹاؤن شپ سے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ میں مرضی کا کرایہ وصول کیا جارہا ہے ۔ دوسری جانب ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے انسپکٹرز صرف آمدن میں اضافے کے لئے ٹرانسپورٹ کا چالان کر رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں