غریب عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں سے پریشان :گورنر

غریب عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں سے پریشان :گورنر

لاہور ( سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سیلم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کے ساتھ ملک کی خاطر ساتھ دے رہے ہیں، آج غریب عوام مہنگائی اور بجلی کے بلوں سے پریشان ہے ۔

یہ بات گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی 69 ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب اور سیمینار سے خطاب کے دوران کی۔ گورنر نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری مفاہمت پسند انسان ہیں جو مخالفین کو بھی عزت دیتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن)کے ساتھ اتحاد بھی ملک میں استحکام کی خاطر کیا۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے اداروں کے خلاف بات نہیں کرنی چاہئے ،بھٹو خاندان نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں ۔تقریب سے حسن مرتصیٰ ، ثمینہ خالد گھرکی، چودھری اسلم گل، ، جہاں آرا وٹو، بیرسٹر عامر حسن اور عارف خان نے بھی خطاب کیا ،تقریب کے آخر پر آصف زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔دریں اثنا چانسلر/گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پنجاب کی ویمن یونیورسٹیوں کی وائس چانسلرز نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران وائس چانسلرز نے گورنر پنجاب کو یونیورسٹیز بارے بریفنگ دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں