جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سولر پر منتقل کرنیکا پلان

جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سولر پر منتقل کرنیکا پلان

ملتان ( وقائع نگار خصوصی)ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کو بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمت کا چیلنج در پیش ہے ۔

مہنگی بجلی سے نہ صرف عام آدمی متاثر ہورہا ہے بلکہ صنعتوں میں پراڈکٹ کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے سے برآمدات بڑھانے بھی مشکلات کا سامنا ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز فیکٹ کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے ایرینا میں منعقدہ تین روزہ سولر پاکستان کے نمائش کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئیر ریٹائرڈ احمد رضوان گھمن ، صدر ملتان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹیرز میاں راشد اقبال اور فیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلیم احمد خان بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ حکومت قابل تجدید توانائی کے سلسلے میں نمائشوں کی حوصلہ افزائی کرتی ہے کیونکہ سولر پاور جیسے منصوبے نہ صرف سستی بجلی مہیا کرتے ہیں بلکہ ماحول دوست اور ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو بڑھانے کے لئے کوشاں ہے اور جنوبی پنجاب میں دو نئے سولر پاور پلانٹ لگا جا رہے ہیں جن میں سے ایک سولر پاور پلانٹ ضلع کوٹ ادو اور دوسرا ضلع لیہ میں لگایا جارہا ہے ۔ فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ ضلع لیہ اور بہاوپور میں پہلے ہی دو سولر پاور پلانٹ کام کررہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بڑے سرکاری اداروں کو بھی سولر انرجی پہ منتقل کیا جارہا ہے اور زیر تعمیر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں بھی شمسی توانائی کا نظام نصب کیا جا رہا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ ساتھ قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں جدت اور مصنوعات کے معیار میں اضافہ بہت ضروری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہمارا مستقبل قابل تجدید توانائی سے ہے ۔ فواد ہاشم ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کا آم پوری دنیا میں اپنی خوشبو اور ذائقے کے حوالے سے ایک خاص پہچان رکھتا ہے اور یہ 79 سے زائد ممالک کو آم برآمد کیا جاتا ہے اور زرمبادلہ کمایا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے آم کا کوئی ثانی نہیں ہے ۔جنوبی پنجاب کی مٹی کی تاثیر اور آب و ہوا کے اثر کی وجہ سے آم کا مٹھاس کئی گنا بڑھ جاتا ہے ۔سرائیکی زبان اور جنوبی پنجاب کے لوگوں بھی آم کی طرح مٹھے ہیں۔وہ محمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ مینگو فیسٹیول کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں