فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کارروائی،مضر صحت گٹکا، دودھ تلف
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) خوراک کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی زیرو ٹالرینس پالیسی ہے ۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گوجرانوالہ اور سیالکوٹ کے علاقوں ڈسکہ ،رورس روڈ حاجی پورہ اور لدھیوالا وڑائچ میں کارروائیاں کرتے ہوئے 3825پیکٹ ممنوعہ مضر صحت گٹکا، ملک پاؤڈر، ڈرم، وزن کانٹا، پیکنگ میٹریل سمیت دیگر سامان ضبط کرلیا جبکہ بھاری مقدار میں تیار دودھ کو موقع پر ہی تلف کردیا گیا۔جاری کی گئیں تفصیلات کے مطابق موقع پر کیے گئے ٹیسٹ فیل ہونے پر تیار جعلی دودھ تلف کیا گیا، گودام سے ممنوعہ گٹکا برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی، رتن، ون ٹو ون، جے ایم گٹکا سیالکوٹ میں سپلائی کے لیے خفیہ جگہ پر چھپا کر رکھا پایا گیا، ملک یونٹ میں جعلی دودھ پاوڈر، پانی اور کیمیکلز سے تیار کیا جا رہا تھا جعلی دودھ میں استعمال ہونے والے اجزا انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ثابت ہوتے ہیں۔ عاصم جاوید کے مطابق جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے اور انسانی صحت کیساتھ کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروا دئیے گئے ،پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بروقت کارروائی کر کے باسیوں کو بیماریوں سے بچا لیا گیا، ناقص دودھ اورگوشت کا استعمال بچوں اور بڑوں کو پیٹ ،معدہ اور آنتوں کی بیماریوں میں مبتلا کرتا ہے ۔