گھنٹوں بجلی کی بندش ، صارفین کا احتجاج

گھنٹوں بجلی کی بندش ، صارفین کا احتجاج

گوجرانوالہ ،سیالکوٹ (سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر )عید الاضحی سے قبل بجلی کی فنی خرابی ختم نہ ہوسکی، گیپکو حکام کے تمام دعوؤں کے برعکس اندرون شہر بیشتر رہائشی ،تجارتی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند ہونا معمول بن گیا۔۔۔

 شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی بندش پر صارفین سراپا احتجاج بن گئے ، گیپکو نے عید الاضحی پر فیلڈ سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرکے بلا تعطل فراہمی کا دعویٰ کیا ہے جس کیلئے سرکلوں ،ڈویژنوں اورسب ڈویژنوں کی سطح پر 155 شکایات سنٹرز قائم کئے ہیں لیکن عید سے قبل ہی بیشترعلاقوں میں فنی خرابی اورٹرپنگ کاسلسلہ جاری ہے ، اندرون شہر کے شہریوں کی شکایات کو حل کرنے کے بجائے گیپکو افسر اورملازمین گھروں میں لوٹ گئے جبکہ گیپکو کے شکایات سیل میں شکایات درج کروانے کیلئے ٹیلی فون بھی عملہ سننا پسند نہیں کرتا ۔گیپکو حکام نے عید الاضحی کے دوران بجلی کی بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کے دعوے کرتے ہوئے ریجنل کنٹرول قائم کیا اور ڈویژن کے 6 اضلاع میں155سنٹر فعال کئے ہیں ۔ علاوہ ازیں سیالکوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا ، شہری علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دیہی علاقوں کی نسبت کم ہے ، گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے ۔ عید الاضحی سے قبل ہی بجلی کی لوڈشیڈنگ ،ٹرپنگ اور فنی خرابی سے شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں