جامعہ گجرات میں اساتذہ کے لیے تربیتی ورکشاپ کا اہتمام
گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر)جامعہ گجرات کے ORICاور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے اساتذہ کے لیے تربیتی ورکشاپ‘‘فیکلٹی ڈویلپمنٹ ٹریننگ’’ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہو ا۔
نیشنل اکیڈیمی برائے ہائر ایجوکیشنNAHEکی معاونت سے چارہفتوں پر محیط تربیتی ورکشاپ کا افتتاح وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد جامعہ گجرات کے اساتذہ کی ذہنی وفکری و تکنیکی سطح پر تربیت کے ذریعے بطور استاد مستقبل کی نسلوں کو ہر لمحہ بدلتے ہوئے تکنیکی حالات میں اعلیٰ طریقہ سے منہاج علم تک پہنچانے کے لیے صلاحیت و قابلیت میں اضافہ تھا۔ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کی ۔ ڈپٹی ڈائریکٹرNAHEمحمد سلیم قمر و دیگر مہمانان اعزاز میں شامل تھے ۔میزبانی ڈائریکٹرORICپروفیسر ڈاکٹر عادل رشید نے کی۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد مشاہد انور نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے تعلیمی اداروں میں موجود اساتذہ دور حاضر کے جدید ترین تکنیکی طریقہ کار سے عمدہ آگاہی کے ذریعے ہی طلبہ کے اثاثئہ علم کو معتبر اور ان کے ہنر و مہارت کو دورجدید کے تقاضوں کے عین مطابق بن سکتے ہیں۔ طلبہ مستقبل کا معمار ہونے کے ناطہ سے پاکستان کا انتہائی قیمتی اثاثہ ہیں۔محمد سلیم قمر نے کہا کہ اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ اور ان کے مرجع علم کو جدید تکنیکی و فنی ضرورتوں کے عین مطابق بناتے ہوئے بہتر تعلیمی و تحقیقی نتائج کا حصول ممکن ہے ۔