غریب طلبہ کو یونیفارم، جوتے اور سویٹر دینگے :خالد وسیم
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) کنوینیر اتحاد گروپ خالد وسیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ غریب طلبہ کو یونیفارم، جوتے اور سویٹر د ئیے جائیں گے ایجوکیشن کو عام کرنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔۔۔
ہم نے اپنی قوم کو بھکاری نہیں بلکہ خوددار قوم بنانا ہے ،موجودہ دور میں سنگین حالاتِ اور مہنگائی کے باعث پسے ہوئے طبقات کو بے شمار مسائل سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے ،مسائل کا ایک ہی حل ہے کہ بچے پڑھے لکھے ہوں، عاشقان رسول ویلفیئر آرگنائزیشن کے پلیٹ فارم سے غریب اور مستحق بچیوں کی شادیوں کے پروگرام کئے گئے جبکہ مستحق لوگوں کیلئے دسترخوان لگائے جانے کا عمل اور دیگر خدمات اپنی مثال آپ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے السادات میرج ہال بھگوال اعوان کے اونر سید منور حسین شاہ اور ان کے صاحبزادے سید محسن شاہ کی جانب سے ظہرانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سید محسن شاہ ،حافظ عظیم، پنجاب کو آپریٹو یونین کے چیئرمین حسن وسیم، افضل بھٹی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشقان رسول ویلفیئر آرگنائزیشن خدمت میں پیش پیش ہے اور ان کی خدمات قابل قدر اور قابل تحسین ہیں ۔