داخلی اور خارجی راستے بس اڈے بند : رکشہ ڈرائیورز کی اوور چارجنگ ، شہری خوار

داخلی اور خارجی راستے بس اڈے بند : رکشہ ڈرائیورز کی اوور چارجنگ ، شہری خوار

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)اسلام آباد میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر گوجرانوالہ کے داخلی اور خارجی راستے چار روز سے بند ہیں ،جنرل بس سٹینڈ سمیت تمام نجی اڈے بھی بند ہیں ۔

 رکشہ ڈرائیورز شہریوں کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان سے تین گنا زائد کرایہ وصول کر رہے ہیں ۔ایک کلومیٹر تک کے سفر کا سواریوں سے 200روپے کرایہ وصول کر رہے ہیں۔ شہریوں کے ایک شہر سے دوسرے شہر جانے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ موجود نہیں ہے ۔ایسے میں رکشہ مالکان کی موجیں لگ گئی ہیں، ایک سے دو کلومیٹر تک کے سفر کا دو سوروپے تک کرایہ وصول کیا جاتا ہے ۔جہاں رستہ بند ہوتا ہے سواری کو اتار دیا جاتا ہے ۔ عزیز کراس چوک سے راہوالی کی طرف جانے والی سواریوں کو لوہیانوالی نہر پر اترنا پڑتا ہے کیونکہ وہاں کنٹینرز کھڑے ہیں ۔تب بھی مسافر سے دو سوروپے ہی وصول کیا جا رہا ہے ۔مسافروں کا کہنا ہے کہ راستے بندہونے کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔رکشہ ڈرائیورز زائد کرایہ وصول کر رہے ہیں ۔حکومت فوری رستے کھولے تاکہ ان کی مشکلات کم ہو سکیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں