نوجوانوں میں صلاحیتوں کی کو ئی کمی نہیں :شیزا فاطمہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت کا ڈیجیٹل پاکستان وژن کے تحت سمارٹ ولیج منصوبے کا مقصد۔۔۔
دور دراز اور دیہی علاقوں کو انٹرنیٹ کنیکٹیویٹی کے ساتھ ڈیجیٹلی طور پر منسلک کرنا ہے تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر اور صحت و تعلیم سمیت روز مرہ کے امور کو ڈیجیٹلی طور پر حل کرنے میں آسانی ہو۔ پاکستان کی نوجوان آبادی میں قابلیت اور صلاحیتوں کی کمی نہیں ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ،سمارٹ ویلیج منصوبہ ہونہار نوجوانوں کو آگے لانے اور علاقہ مکینوں کے روز مرہ مسائل کے حل میں نمایاں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے یہ بات سیالکوٹ کے نواحی گاؤں روڑس میں ایشیا کے پہلے سمارٹ ولیج پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔یہ پائلٹ پراجیکٹ سیالکوٹ سے 15کلومیٹر کے فاصلے پر تحصیل سمبڑیال میں واقع گاؤں روڑس میں منسٹری آف انفارمیشن، انٹرنیشنل ٹیلی کام یونین ، ہواوے ، بیداری اور ٹیلی تعلیم کے ساتھ اشتراک شروع کیا گیا ہے جس کا دورانیہ 6 ماہ ہوگا اور 100لڑکیوں اور لڑکوں کو ڈیجیٹل ویلیج سنٹر میں ایک بزنس اور کمپیوٹر سکلز کے کورسز کرائے جائیں گے جو ان کیلئے روزگار کے موقع فراہم کریں گے اور پاکستان کے سمارٹ ویلجز منصوبے کا حصہ ہیں۔