جعلی حکمران کسانوں کا استحصال کر رہے ہیں :جاوید قصوری
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )جماعت اسلامی پنجاب کے صوبائی امیر مولانا جاوید قصوری نے کہا ہے کہ فارم 47 کی جعلی بنیاد پر جب سے موجودہ حکومت برسر اقتدار آئی ہے اس نے ملک کو استحکام کے بجائے شدید انتشار کا شکار کر رکھا ہے ۔۔۔
جس پر قابو پانے کے لیے جماعت اسلامی بے لوث اور انتھک جدوجہد کر رہی ہے وہ یہاں ورکر کنونشن کے بعد جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں ا مان اﷲ چٹھہ ڈاکٹر محمد یاسین اور ملک شوکت علی پھلروان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام گھی دال سبزی گیس بجلی کی گرانی کی چکی میں پس رہے ہیں اور وزیراعظم ہر روز غلط بیانی کرتے ہوئے مہنگائی میں کمی کی خوشخبری سنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پنجاب حکومت کسانوں کا گندم اگاؤ اور مکئی جیسی فصلوں پر بری طرح استحصال کر رہی ہے جس سے معیشت کو تباہی کے دہانے تک پہنچانے کا خطرہ پیدا ہو چکا ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کسانوں کو ان کے حقوق دلانے کی جدوجہد شروع کر رہی ہے جبکہ عوام کو بجلی کی گرانی اور ائی پی پی مافیا سے نجات دلانے کی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچانے میں پوری طرح پر عزم ہے انہوں نے عوام سے جماعت اسلامی کا بھرپور ساتھ دینے کی اپیل کی ۔