نوشہرہ ورکاں :صفائی کے نام پر توڑ پھوڑ ،تاجروں کا احتجاج
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )ستھرا پنجاب کے نام پر توڑ پھوڑ، صفائی کمپنی کی نااہلی پر تاجر برادری سراپااحتجاج بن گئی ۔
صفائی کے نام پر نجی صفائی کمپنی کے سینٹری ورکرز نے شہر کے سب سے مصروف کاروباری مرکز کڑیال روڈ کے نالوں پر پڑی سلیبیں توڑ دیں ، دکانوں کے آگے نالے اوپن ہونے سے گاہکوں کا دکانوں میں داخلہ مشکل ہو گیا ،ہر طرف بدبو ہے سب سے بڑا خطرہ بڑوں اور بچوں کے گرنے سے کوئی جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے ، منع کرنے پر سینٹری ورکرز تاجر وں سے بدتمیزی اور جھگڑے کرتے رہے بعض سینٹری ورکر سلیبیں توڑ کر اس سے سریا نکالتے رہے تاکہ کباڑیوں کو فروخت کر کے دیہاڑی لگائی جا سکے ۔ تاجر برادری نے اس کارروائی کو بے مقصد کار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پرانے طریقوں کے بجائے صفائی کیلئے مشینری کا استعمال کیا جائے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نجی کمپنی کے پاس صفائی کے لئے مطلوبہ مشینری اور افرادی قوت نہیں ہے جبکہ وہ ایڈوانس میں کروڑوں روپے وصول کرچکے ہیں ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ستھرا پنجاب پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صفائی کیلئے جدید لوڈرز، ٹرک سپرے مشین، روڈ واشر اور دیگر جدید آلات کے استعمال اور لاکھوں سینٹری ورکرز کی بھرتی کا اعلان کیا تھا تاکہ 3 ماہ میں زیرو ویسٹ پنجاب کا ٹارگٹ پورا ہو سکے مگر نوشہرہ ورکاں میں ان حالات میں یہ ٹارگٹ تین سال میں بھی پورا ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ تاجر برادری نے ڈپٹی کمشنر نوید احمد سے اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔