گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ پرہزاروں پودے خشک سالی کا شکار

تتلے عالی(نامہ نگار )گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ پرہزاروں پودے خشک سالی کا شکار ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ شیخوپورہ روڈ کی اربوں روپے سے پبلک گورنمنٹ اشتراک سے دورویہ تعمیر شروع ہونے سے قبل سڑک کے دونوں اطراف لگے ہزاروں کی تعداد میں سایہ دار درخت کاٹ دیئے گئے تھے۔
جن سے تقریبا چار کروڑ روپے کی آمدن ہوئی تھی۔پنجاب حکومت نے سڑک کی پختگی،خوبصورتی اور گردونواح کے ماحول کو خوشگوار بنانے کیلئے گوجرانوالہ کھیالی بائی سے شیخوپورہ تک46کلو میٹر سڑک کے دونوں اطراف 70ہزار سے زائدکیکر،شیشم،جامن،آم سمیت سایہ دار،پھل دار اور پھول دار پودے لگائے تھے جن کی دیکھ بھال اوربہترین پرورش کیلئے محکمہ جنگلات کی جانب سے دوعدد سپیشل سکواڈ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ سپیشل سکواڈ میں دوعدد ٹریکٹر،دوعدد باؤ زر اور عملہ تعینات کیا گیا تھا جن کی ذمہ داری پودوں کو پانی کی فراہمی،دیکھ بھال،گوڈی وغیرہ شامل تھی لیکن دونوں سکواڈ بند ہونے کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں پودے خشک ہو گئے ، متعدد کو جانوروں نے کھا لیا ہے ۔اہل علاقہ نے سپیشل سکواڈ کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے ۔