کشمیر نگر کا سیوریج منصوبہ آ ئندہ ماہ مکمل کرنے کا حکم

حافظ آباد(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے کہا ہے کہ علی پورروڈ محلہ کشمیر نگر کے زیر تعمیر سیوریج منصوبے کواگلے ماہ تک ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے۔۔
تا کہ شہریوں کو درپیش مشکلات ختم ہو سکیں،سٹرک اور سیوریج کے منصوبے کے تعمیراتی کام کو ہر لحاظ سے معیار کے مطابق سو فیصد یقینی بنایا جائے ،ناقص اور غیر معیاری میٹریل کے استعمال کی کسی صورت بھی اجازت نہیں اور اگر کسی بھی جگہ غیر معیاری میٹریل کا استعمال کیا گیا تو اسکا ذمہ دار متعلقہ محکمہ اور کنٹریکٹر ہو گا۔ ڈپٹی کمشنر نے بائی پاس ریلوے لائن فلائی اُوور کے منصوبے اور کسوکی روڈ پر تجاوزات کے خاتمہ اور صفائی ستھرائی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا ۔ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق نے علی پور روڈ کشمیر نگر کے زیر تعمیر سیوریج منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سی او ایم سی اکرام اﷲ سند ھو اور دیگر افسران کو ہدایت کی کہ سیوریج منصوبہ کو اگلے ماہ تک ہر لحا ظ سے مکمل کیا جائے تاکہ علاقہ مکینوں اور شہریوں کو در پیش مشکلات کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے ۔انکاکہنا تھا کہ علی پورروڈ محکمہ کشمیر نگر اور اس سے ملحقہ تمام گلیوں ، محلوں میں عرصہ دراز سے سیوریج کا مسئلہ چلا آرہا تھا لیکن اب میونسپل کمیٹی کی جانب سے ان علاقوں میں زیر زمین سیوریج کا نیا منصوبہ زیر تکمیل ہے ۔زیر زمین سیوریج منصوبہ مکمل ہونے کے ساتھ ہی سٹرک کی نئے سرے سے تعمیر کو بھی یقینی بنایا جائے گا تا کہ علاقہ مکینوں کو نکاسی آب کی بہتر سہولت دستیاب ہو سکے ۔