حافظ آباد:ڈینگی سے بچائوکے حوالے سے آ گاہی واک ،تقریبات

حافظ آباد(نمائندہ دنیا ، نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبدالرزاق کی ہدایت پر محکمہ تعلیم کی جانب سے انسداد ڈینگی ڈے منایا گیا۔۔۔
دن کی مناسبت سے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول مدینہ کالونی سے آگاہی واک بھی کی گئی جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو تنویر یاسین اور سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم اشرف نے کی۔ واک میں محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر امجد علی بھٹی، سکول اساتذہ،طلبا اور دیگر معززین نے شرکت کی،شرکا واک نے بینرز،فلیکسیز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ڈینگی سے بچائو کے حوالے سے احتیاطی و حفاظتی ہدایات درج تھیں۔علاوہ ازیں گورنمنٹ ہائی سکول ونی میں بھی انسداد ڈینگی کے حوالہ سے تقریب اور واک کی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تنویر یاسین اور سی ای او ایجوکیشن محمد اکرم کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر ڈینگی کی روک تھام کے حوالے سے آگاہی اور معلوماتی پروگرام اور واک منعقد کی جا رہی ہیں تاکہ عوام میں ڈینگی مچھر سے بچائواور اسکی افزائش کی روک تھام کیلئے آگاہی اور احتیاطی معلومات دی جا سکیں۔