اسسٹنٹ کمشنر ملکوال سے تاجروں کے وفد کی ملاقات
جناح روڈ پر کاروبار شٹر کے اندر،مین بازار میں تھڑوں تک محدود رکھنے پر اتفاق
ملکوال(نمائندہ دنیا )شہر میں تجاوزات کے معاملہ پر مرکزی انجمن تاجران کی اسسٹنٹ کمشنر، سی او بلدیہ اور پیرا فورس انچارج کے ساتھ اہم میٹنگ، جناح روڈ پر دکاندار شٹر کے اندر جبکہ مین بازار میں تھڑوں تک رہیں گے ۔ مرکزی انجمن تاجران کے عہدیدار وں نے گزشتہ روز میونسپل کمیٹی آفس میں اسسٹنٹ کمشنر غزالہ یاسین چدھڑ، چیف آفیسر بلدیہ مزمل شیخ اور پیرا فورس ملکوال کے انچارج آفیسر اسامہ سعید کے ساتھ میٹنگ کی۔ مرکزی انجمن تاجران کے قائم مقام صدر عدنان محمود چودھری، نائب صدر خرم شہزاد بھلر، جنرل سیکرٹری زاہد محمود بھیروی، حاجی ذوالفقار زرگر، غضنفر وئیس، شاہد مہدی، محمد طاہر امین اور دیگر شامل تھے ۔ اجلاس میں طے پایا کہ مین بازار میں دکاندار اپنے تھڑوں کے اوپر رہیں گے تھڑے سے نیچے نالی کے اوپر بھی سامان نہیں رکھا جائیگا جبکہ چھپرے 4فٹ سے زائد نہیں ہونگے ،موٹر سائیکل مشرق مغرب کی سمت پارک کئے جائینگے ۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ جناح روڈ (پرانا بازار )میں کوئی دکاندار اپنی حدود سے باہرنہیں آئیگا تھڑے مکمل خالی ہونگے چھپرے بالکل خالی ہونگے کسی بھی قسم کا سامان با ہر نہیں لٹکایا جائے گا۔ اس موقع پر انجمن تاجران کے عہدیداروں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ تمام تاجر اس بات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے اور اگر کسی نے خلاف ورزی کی تو وہ خود ذمہ دار ہوگا۔