70 ہزار ریٹائرڈ ملازمین کو کٹوتی کے باوجود پلاٹ نہ ملا
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )پاکستان پنشنرز ویلفیئر ایسوسی ایشن تحصیل پسرور کا ماہانہ اجلاس زیر صدارت ضلعی صدر میاں نثارالحق منعقد ہوا۔ اجلاس سے میاں نثارالحق، عاشق حسین صدیقی، چودھری رشید احمد، رانا حبیب الرحمٰن، جاوید اسلم اور صوبہ اکمل نے خطاب کیا۔
میاں نثارالحق نے پنجاب گورنمنٹ سرونٹس ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فاؤنڈیشن نے ریٹائرمنٹ پر ممبران کو مکان یا پلاٹ الاٹ کرنا تھے لیکن یہ منصوبہ طویل عرصے سے التوا کا شکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ستر ہزار ممبران اپنی تنخواہوں سے مسلسل کٹوتیاں برداشت کرنے کے باوجود تاحال مکان یا پلاٹ سے محروم ہیں جبکہ کئی ممبران تاحال پلاٹ ملنے کی حسرت لیے اس دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں ۔شرکا نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا کہ وہ ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل کا فوری نوٹس لے اور سوتیلی ماں جیسا سلوک ترک کرے ۔ اجلاس میں جاوید اسلم کو متفقہ رائے سے PGSHF تحصیل پسرور کا نائب صدر منتخب کیا گیا۔عاشق حسین صدیقی (سیکرٹری اطلاعات ڈویژن گوجرانوالہ) اور رانا حبیب الرحمٰن نے گروپ انشورنس کے حوالے سے شرکا کو معلومات فراہم کیں اور حکومتِ پنجاب سے یکم جون 2023ء کی انکیشمنٹ کٹوتی اور 2 دسمبر 2024ء کے پنشن و کمیوٹیشن میں بھاری کٹوتی کے ‘‘ظالمانہ’’ نوٹیفکیشن واپس لینے کا مطالبہ کیا۔