کسانوں سے بدتر ین سلوک ناقابل برداشت :مظہر رندھاوا
کاشتکار گندم کے بجائے دوسری فصلوں کو ترجیح دینے پر مجبور ہیں :اجلاس سے خطاب
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)ضلعی امیر جماعت اسلامی مظہر اقبال رندھاوا اور ضلعی صدر کسان بورڈرانا ظفر اقبال نے کہا ہے کہ کسانوں سے ناروا سلوک اب ناقابل برداشت ہو رہا ہے ،بجلی کھاد اورڈیزل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور اجناس فروخت کے وقت کسانوں کو رسوا کرنے کا سلسلہ طول پکڑتا جا رہاہے گندم کی سرکاری خریداری نہ ہونے سے کسانوں میں یہ سوچ بڑھ رہی ہے کہ کوئی دوسری فصل کاشت کر لی جائے، جماعت اسلامی بلدیاتی ایکٹ کے خلاف 15 جنوری سے چار روزہ ریفرنڈم میں ثابت کرے گی کہ موجودہ حکمران نہ صرف عام لوگوں سے انکا حق چھیننے کی کوشش کر رہے ہیں بلکہ کسانوں پر ظلم کرکے انتہائی گھنائونی سازش کا ارتکاب کر رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسان بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نائب صدور میاں فاروق،ناصر محمود گورائیہ،محمد ریاض چٹھہ،سرور وڑائچ،جنرل سیکرٹری محمد شریف،ڈپٹی سیکرٹری کیپٹن (ر)عبدالستار،کے علاوہ بلال شکور،محمد یعقوب،امجد فاروق،رانا خورشید،میں عبدالر ئوف،محمد اسلم اور محمد فاروق بھی موجود تھے ۔