یونین کونسل جہلن کے دفتر میں نادرا ون ونڈو کاؤنٹر قائم
نوشہرہ ورکاں (نمائندہ دنیا )لیگی رہنما چودھری اظہر قیوم ناہرا ایم این اے اور عرفان بشیر گجر ایم پی اے نے یونین کونسل جہلن کے دفتر میں نادرا ون ونڈو کاؤنٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔
تقریب میں چیئرمین سردار شکیل احمد گجر، آصف گجر نمبردار، شیخ محمد زکریا سمیت معززین اور شہریوں نے شرکت کی ۔ اظہر قیوم ناہرا نے خطاب میں کہا کہ جہلن میں نادرا کاؤنٹر کے قیام سے گردونواح کے 50سے زائد دیہات کے لاکھوں رہائشیوں کو شناختی کارڈ، ب فارم اور دیگر نادرا سہولیات قریب ہی دستیاب ہوں گی اس سے شہری علاقوں میں قائم نادرا دفاتر پر رش میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہلن میں نادرا کاؤنٹر کا قیام بعض مخالفین کو ہضم نہیں ہوتا جب بھی ہماری حکومت ختم ہوتی ہے تو جہلن سے نادرا کاؤنٹر بند کر ا دیا جاتا ہے تاہم ہماری مسلسل کوششوں سے اس کاؤنٹر کا تیسری بار افتتاح ہو رہا ہے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاء اﷲ عوامی سہولت کا یہ منصوبہ جاری رہے گا کیونکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔