دل کے مریضوں کا حافظ آباد میں جلد علاج ہوگا :سائرہ تارڑ
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )وزیر اعلیٰ کی کوارڈی نیٹر،ایم این اے سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ مریضوں کو بہتر علاج معالجہ کی فراہمی کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال حافظ آباد میں ادویات،ڈیجیٹل ایکسرے ،آکسیجن سمیت تمام ضروری سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے ،
وزیر اعلٰی مریم نواز کی ہدایات پر دل کے عارضہ میں مبتلا مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید اور بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے جلد کیتھ لیب قائم کر دی جائیگی جس سے دل کے مریضوں کیلئے اینجیوگرافی کی سہولت ضلعی سطح پر ہی دستیاب ہو گی،جلد ٹی ایچ کیو ہسپتال اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹر اور میڈیکل آفیسر بھرتی کئے جا رہے ہیں جس سے ڈاکٹرز کی کمی بھی پوری ہو جائیگی۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ کیو ہسپتال کے دورہ کے موقع پر کیا۔چودھری تہور حسین تارڑ،سی ای او ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ویلفیئر فرجاد احمد بٹ،ڈی ایچ او ڈاکٹر فائق علی تارڑ،ایم ایس ڈاکٹر کاشف ورک،اے ایم ایس ڈاکٹر حافظ معین الدین، ڈاکٹر جہانزیب،ڈاکٹر شعیب اسلم،مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما محمد یوسف سومی بھی ہمراہ تھے ۔سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کو باقاعدہ حاضری کو یقینی بنانے لیے بائیو میٹرک اور فیس بائیو میٹرک سسٹم لانچ کر دیا گیا اور تمام ڈاکٹرز مقررہ اوقات میں ہسپتال میں دستیاب ہوتے ہیں۔