2 ہفتوں میں گندم 800 روپے من مہنگی : چکی کا آٹا 140 روپے فروخت

2 ہفتوں میں گندم 800 روپے من مہنگی : چکی کا آٹا 140 روپے فروخت

غلہ منڈی میں قیمت 3700 سے 4500 روپے تک جا پہنچی ،10 کلو والا آٹے کا تھیلا مہنگا ،20 کلو والا مارکیٹ سے غائب ،روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کا خدشہ

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں دو ہفتوں کے دوران گندم کی قیمت میں 800روپے فی من اضافہ ہوگیا،گندم کی قیمت 3700روپے سے بڑھ کر 4500روپے من ہوگئی ،گندم کی قیمت میں اضافہ سے چکیوں پر آٹے کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ، چکیوں پر آٹا 120 سے بڑھ کر 140 روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہونے لگا۔بتایا گیا ہے کہ غلہ منڈی میں گندم 3700روپے من سے بڑھ کر 4500روپے من کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے جبکہ صفائی والی گندم 4700روپے فی من کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے ۔ دوسری طرف مارکیٹ میں سرکاری ریٹ 905روپے 10کلو گرام والا آٹے کا تھیلا اکثر جگہوں پر 945روپے میں فروخت ہو رہا ہے لیکن شہری کوالٹی ٹھیک نہ ہونے کی شکایات کررہے ہیں جبکہ 20 کلو گرام والا آٹے کا تھیلا مارکیٹ میں دستیاب نہیں ۔15

کلو گرام والے سپر فائن آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گیا جو 1350روپے سے بڑھ کر 1750روپے میں فروخت ہونے لگا ۔آٹے کی قیمت میں اضافہ سے نان بائیوں نے روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کا عندیہ دے دیا ۔دوسری طرف محکمہ خوراک کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ،مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر10کلو گرام اور20کلو گرام والا آٹے کا تھیلا وافر مقدار میں موجود ہے ،تمام فلور ملز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ10کلو گرام اور 20 کلو گرام آٹے والے تھیلے کی زیادہ سے زیادہ سپلائی مارکیٹ میں کریں ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں