ٹیچنگ ہسپتال میں ناخوشگوار واقعات ، انتظامی امور متاثر

ٹیچنگ ہسپتال میں ناخوشگوار واقعات ، انتظامی امور متاثر

ڈاکٹرز،مریضوں اورسکیورٹی گارڈزکے درمیان لڑائی جھگڑے کے واقعات معمول مریضوں کا طبی سہولیات کی کمی اور نامناسب رویہ کے با عث ہسپتال جانے سے گریز

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال میں انتظامی امورشدید متاثر رہنے لگے ناخوشگوار واقعات بڑھنے سے شہریوں کاسرکاری ہسپتال سے اعتماد کم ہونے لگا ،آئے روز ڈاکٹر،مریضوں اورسکیورٹی گارڈزکے درمیان لڑائی جھگڑے کے واقعات معمول بن گئے ، اندرون شہر کے واحد سرکاری ہسپتال کی انتظامیہ کی کمزور گرفت سے علاج کرانے آنے والے مریضوں کے ڈاکٹرزاور سکیورٹی گارڈ سے لڑائی جھگڑے کے واقعات بڑھ چکے ،ہسپتال میں طبی سہولیات کی کمی اور ڈاکٹرزوسکیورٹی گارڈ سمیت دیگر عملہ کے نامناسب رویہ سے شہری ہسپتال جانے سے گریز کرنے لگے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ڈاکٹرزاورسکیورٹی گارڈ کی مریضوں کے ساتھ لڑائی جھگڑے کے واقعات سامنے آئے جبکہ گزشتہ روزمیڈیکل آفیسر اور سکیورٹی گارڈ زکی آپس میں لڑائی کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر زیر گردش رہی ،مریضوں کی بڑی تعداد رات کے اوقات ڈیوٹی ڈاکٹرزاورعملہ کے غیر مناسب رویہ اوربدتمیزی سے نالاں ہوکر مریضوں کو پرائیویٹ ہسپتال لے جانے پر مجبور ہیں ۔ شہریوں نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ہسپتال میں مریضوں کو طبی سہولیات فراہمی کے بجائے ذلیل وخوار کیا جاتا ہے جس کا نوٹس لے کر کارروائی کی جائے اور انتظامی امور کی سخت نگرانی کی جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں