سیالکوٹ:گلی محلوں میں بجلی کے لٹکتے تار شہریوں کیلئے خطرہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )سیالکوٹ اور گردونواح میں گیپگو کے لٹکتے اور الجھے بجلی کے تار حادثات کا سبب بننے لگے ۔
صنعتی شہر کے مختلف علاقوں، محلوں اور گلیوں میں گیپگو کی غفلت اور لاپروا ئی کی وجہ سے بجلی کے تار انتہائی خستہ حالی ہیں جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ گلیوں ،بازاروں اور آبادیوں کے اوپر سے بے ہنگم اندا ز میں الجھے اور لٹکتے تار نہ صرف شہریوں کیلئے شدید خطرہ بن چکے ہیں بلکہ متعلقہ اداروں کی غفلت و لاپروا ئی کی وجہ سے متعدد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ شہریوں سلیم احمد، منیر احمد، فاروقی ،محمد شہباز، ذکا اﷲ، کاشف نصیر ،عنصر اقبال، عون چودھری، علی رضا کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر بجلی کے تار گھروں کی چھتوں ،بالکونیوں اور دیواروں کے قریب سے گزر رہے ہیں جبکہ بعض جگہوں پر تاروں کے گچھے کھمبوں کے ساتھ بے ترتیب انداز میں لٹکے ہوئے ہیں، بارشوں کے موسم میں تیز ہواؤں کے دوران ان تاروں سے کرنٹ لگنے ،آگ لگنے اور جانی نقصان کے خدشات میں اضافہ ہوجاتا ہے ۔ اس سنگین صورتحال کی متعدد بار گیپگو حکام کو شکایات کی گئیں مگر تاحال کوئی موثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ شہریوں نے گیپکو کے اعلیٰ حکام اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر میں تاروں کی فوری جانچ پڑتال کی جائے اور غیر قانونی اور خطرناک تاروں کو ہٹایا جائے ۔