ہیڈ چھناواں پر نئے پل کی تعمیر ،ٹریفک دبائو میں کمی ہوگی

 ہیڈ چھناواں پر نئے پل کی تعمیر ،ٹریفک دبائو میں کمی ہوگی

جامکے چٹھہ(نامہ نگار )نہر لوئر چناب کے مقام ہیڈ چھناواں پر تعمیر کیے جانے والے نئے پل کے پراجیکٹ پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے جس سے علاقہ مکینوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

یہ پل نہ صرف وزیرآباد اور گردونواح کے دیہات کو آپس میں ملائے گا بلکہ تجارتی، زرعی اور سفری سہولیات میں بھی نمایاں بہتری لائے گا۔ذرائع کے مطابق اہم منصوبے کی تکمیل سے عوام کو طویل اور دشوار راستوں سے نجات ملے گی جبکہ بھاری ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی واقع ہوگی۔ پل کی تعمیر جدید انجینئرنگ اصولوں کے تحت کی جا رہی ہے تاکہ یہ دیرپا اور محفوظ ثابت ہو۔ مقررہ مدت میں کام مکمل کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ہیڈ چھناواں پر پل کی تعمیر دیرینہ مطالبہ تھا جو اب عملی شکل اختیار کر رہا ہے ۔ عوام نے متعلقہ محکموں اور حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ یہ منصوبہ وقت پر مکمل ہوگا اور علاقائی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پل کی تعمیر کے دوران معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ حفاظتی اقدامات کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے منصوبے کی تکمیل کے بعد نہر لوئر چناب کے اس اہم مقام پر آمدورفت مزید محفوظ اور آسان ہو جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں