بھارت کشمیریوں کوآزادی سے نہیں روک سکتا :اے پی سی
جب تک امت بیدار نہیں ہو گی، دشمن مسلمانوں پر مظالم ڈھاتا رہے گا :مقررین
گوجرانوالہ( نیوز رپورٹر )جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیر آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد ہوا، مختلف جماعتوں، تاجر برادری اور سماجی رہنماں نے شرکت کی،مہمان خصوصی جاوید قصوری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور بھارت گزشتہ 78 برس سے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ کئے ہوئے ہے ، بھارت کشمیریوں کوآزادی سے نہیں روک سکتا ، پاکستان میں بھی کوئی مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔مقررین نے خطاب میں کہا کہ جب تک امتِ مسلمہ بیدار نہیں ہوگی اور مضبوط قوت بن کر نہیں ابھرے گی، دشمن اسی طرح کشمیر، فلسطین اور سوڈان جیسے خطوں میں مسلمانوں پر مظالم ڈھاتا رہے گا، کانفرنس کے اختتام پر کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔