بھٹوں پر کام کرنیوالے مزدوروں کیلئے 10کروڑ جاری

بھٹوں پر کام کرنیوالے مزدوروں کیلئے 10کروڑ جاری

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) پنجاب حکومت نے اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو حفاظتی سامان کی فراہمی،

زیر تعلیم بچوں کیلئے تدریسی سامان کی خریداری اور دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے 10کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کردی ہے ، پہلے مرحلے میں گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے 160 بھٹوں پر کام کرنیوالے 4ہزار سے زائد مزدوروں اور پانچ ہزار بچوں کیلئے تدریسی سامان کی خریداری عمل میں لائی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت نے پائلٹ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے 6 ہزار اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے مزدوروں کو کام کے دوران گلوز، ماسک اور ہیلمنٹ کے استعمال کو یقینی بنانے کیلئے پہلے مرحلے میں پنجاب کی 12اضلاع کے 160اینٹوں کے بھٹوں کا انتخاب کیا ہے ۔ ان بھٹوں پر کام کرنے والے چار ہزار سے زائد مزدوروں کو کام کے دوران استعمال کیلئے گلوز، چہرے پر لگانے کیلئے ماسک اور سر پہننے کیلئے ہیلمنٹ دیا جائے گا۔ جبکہ انہیں بھٹوں پر مقیم مزدوروں کے پانچ ہزاروں سے زائد زیر تعلیم بچوں کو یونیفارم، بستے ، کتابیں، سٹیشنری اور دیگر تدریسی چیزیں فراہم کی جائے ، جبکہ سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم و تربیت کیلئے بھٹوں کے نزدیک ترین سکولوں میں داخل کروایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں