سٹیڈیم تا بمبانوالہ روڈ خستہ حالی کا شکار ‘ حادثات معمول
مختلف حصوں پر مٹی کے ڈھیر اور کیچڑ سے صورتحال خراب‘شہریوں کا اظہار تشویش
ہیڈبمبانوالہ(نامہ نگار )سٹیڈیم تا بمبانوالہ روڈ خستہ حالی کا شکار، حادثات معمول بن گئے ۔ شہر کی اہم شاہراہ سٹیڈیم تا بمبانوالہ روڈ جسے پرانا وزیرآباد روڈ بھی کہتے ہیں طویل عرصے سے ٹوٹ پھوٹ اور خستہ حالی کا شکار ہے جسکے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے جبکہ آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں، جگہ جگہ گہرے گڑھے ، اکھڑی ہوئی سڑک اور بارش کے بعد جمع ہونے والا پانی شہریوں اور ڈرائیورز کیلئے شدید مشکلات کا باعث بن رہا ہے ۔ مقامی افراد کے مطابق موٹر سائیکل سوار اور رکشہ ڈرائیور سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں متعدد بار شہری گڑھوں میں گر کر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بڑی گاڑیوں کو گزرنے میں شدید دشواری کا سامنا ہے ،سڑک کے مختلف حصوں پر مٹی کے ڈھیر اور کیچڑ نے صورتحال مزید خراب کر دی ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اسی روڈ پر گیپکو سب ڈویژن 2کا دفتر بھی قائم ہے لیکن اس کے باوجود سڑک کی حالت زار بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے ۔ علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور سڑک کی ہنگامی بنیادوں پر مرمت کا مطالبہ کیا ہے تاکہ کسی بڑے سانحے سے بچا جا سکے شہریو ں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بھی وقت بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے جس کی ذمہ داری انتظامیہ اور متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔